Mar ۱۰, ۲۰۲۳ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
  •  شام میں امریکہ کی موجودگی داعش کے لیے ایک تحفہ: امریکی رکن کانگریس

امریکی رکن کانگریس نے شام میں امریکہ کی موجودگی کو داعش کے لیے ایک تحفہ قرار دیا ہے ۔

سحر نیوز/دنیا: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام سے ملکی فوجیوں کے انخلاء کے منصوبے کی تجویز پیش کرنے والے امریکی کانگریس کے ریپبلکن رکن میٹ گیٹس (Matt Gaetz) نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد کے خلاف امریکہ کی مالی مدد کرنے والوں میں سے بہت سے داعشی عناصر تھے۔

 فلوریڈا کے ریپبلکن نمائندے میٹ گیٹس جنہوں نے شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا بل پیش کیا، کہا کہ شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف لڑنے کے لیے جن باغیوں کو واشنگٹن کی حمایت حاصل تھی، وہ داعش کا جھنڈا اٹھائے ہوئے تھے۔

امریکی ایوان نمائندگان میں بدھ کے روز شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کا بل منظور نہیں ہوا۔ اس بل کے حق میں 103 ووٹ جبکہ مخالفت میں 321 ووٹ  پڑے۔

میٹ گیٹس نے مذکورہ منصوبے کا مسودہ امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کیا تھا جس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کو شام میں تعینات 900 امریکی فوجیوں کو واپس بلانا تھا۔  گیٹس پلان کو اگر منظوری ملتی تو پھر امریکی حکومت 6 ماہ کے اندر شام میں موجود اپنے تمام فوجیوں کو واپس بلانے پر مجبور تھی۔

میٹ گیٹس نے امریکہ کے ایوان نمائندگان میں شام میں امریکی فوجیوں کی مسلسل موجودگی کے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بات احمقانہ ہے کہ ہمیں داعش کو روکنے کے لیے شام میں رہنا چاہئیے اور اس قسم کی سوچ اور پالیسی شام میں امریکہ کی موجودگی داعش کے لیے ایک تحفہ ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان میں اس منصوبے کو مسترد کر دیا گیا جبکہ اس سے قبل شام کی وزارت خارجہ نے اس ملک کے شمال مشرق میں امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے غیر قانونی دورے کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ امریکہ فوری طور پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بند کرتے ہوئے شامی سرزمین سے نکل جائے۔

ٹیگس