نیٹو، روس کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے
روس کے ایک سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ نیٹو ممالک روس کے ٹکڑے ٹکڑے کر دینا چاہتے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ نیٹو ممالک یوکرین کے تنازع میں ایک فریق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک یوکرین کو ایک بڑے فوجی کیمپ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں تاکہ میدان جنگ میں روس کو شکست دی جائے اور بالآخر اس ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جائے۔
روسی فیڈریشن کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پیتروشیف نے راسیسکایا گازیتا اخبار سے انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ طویل عرصے سے جنگوں اور فوجی جھڑپوں کی تعداد کے لحاظ سے خود کو عالمی چیمپئن بتانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن، جمہوری نعرے لگانے کے باوجود، حقیقت میں طویل عرصے سے ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے، جنگوں اور تنازعات شروع کرنے اور دوسرے ممالک کے شہریوں کے مجموعی اور غیر قانونی شکار میں چیمپیئن رہا ہے۔
انہوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اگر امریکہ واقعی جمہوریت کی طرف بڑھنے کا فیصلہ کرتا ہے تو اسے دوسروں اور حتیٰ کہ اپنے اتحادیوں کی تذلیل کرنا بند کرنی چاہئے اور ماسکو اس کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرے گا۔
پیتروشیف نے زور دیا کہ فی الحال، واشنگٹن کے حکام کا بنیادی کام امریکی عوام کو موجودہ حالات سے گمراہ کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی خارجہ پالیسی ان کمپنیوں سے تشکیل پاتی ہے جو اربوں کی آمدنی کی خاطر دنیا کے دوسرے خطوں میں ہاٹ سپاٹ بنانا چاہتی ہیں۔