Apr ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی عدالت میں  پیشی

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ہمارے نمائندے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فرد جرم سننے کے لیے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں قائم ایک عدالت میں پیش ہوئے۔ وہ پہلے سابق امریکی صدر ہیں جنہیں عہدہ صدارت چھوڑنے کے بعد عدالت میں حاضر ہونا پڑا ہے۔
امریکی اٹارنی نے ٹرمپ کے خلاف چونتیس جرائم پر مبنی چارج شیٹ پیش کی ۔ ان پر ایک الزام یہ ہے کہ انہوں نے بعض افراد کو رقم دے دیکر اپنے خلاف رپورٹیں تیار کرائیں اور پھر اپنے شواہد پیش کرکے ان رپورٹوں کوغیر موثر کردیا تاکہ انتخابی معرکہ آرائی کے دوران اپنی پوزیشن مستحکم کی جاسکے۔
ٹرمپ نے مالیاتی دستاویزات میں رقوم کی ادائیگی کو قانونی اور مالیاتی ادائیگی ظاہر کیا ہے۔
امریکی اٹارنی نے پہلے دن کی سماعت کے بعد کہا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا معاملہ ایک عورت سے متعلق ہے، جس کا دعوی ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ اس کے غیر اخلاقی تعلقات تھے اور یہ رقم زبان بند رکھنے کے لیے دی گئی تھی۔
تیس ہزار ڈالر کی ایک اور ادائیگی اس گیٹ کیپر کو کی گئی ہے جس نے دعوی کیا تھا کہ غیر اخلاقی تعلقات کے نتیجے میں ٹرمپ ایک بچے کا باپ بنا ہے۔
امریکی اٹارنی نے واضح کیا کہ ٹرمپ نے بعض جعلی کمپنیوں کے ذریعے بھاری رشوتیں دی اور انتخابی مہم کے دوران مالیاتی قوانین کو بری طرح پامال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے یہ منصوبہ بندی بھی کی تھی کہ ایسی رپورٹوں کو رکوا دیا جائے جو دوہزار سولہ کے انتخابات میں ان کی نامزدگی میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالت میں پیشی کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف مقدمات کا مقصد دوہزار چوبیس کے انتخابات پر اثرانداز ہونا ہے لہذا یہ سلسلہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔
ٹرمپ نے اپنے خلاف لگائےجانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عدالتی نظام بے لگام ہوگیا ہے اور اسے دوہزار چوبیس کے انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
سابق امریکی صدر نے دعوی کیا کہ ملک بھر کے ریڈیکل جج صاحبان ان کے خلاف متحرک ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ملک جنہم بنتا جارہا ہے اور ہمارے پیارے ملک پر تاریکی گہرے بادل چھا چکے ہیں۔
قبل ازیں عدالت کےاحاطے میں ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان زبردست تو تو میں میں ہوئی اور دونوں جانب سے سخت اور ریک جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

ٹیگس