حماس اور حزب اللہ سے ٹکرانے کی جرآت نہیں کر پا رہا ہے اسرائیل
صیہونی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے خبر دی ہے کہ بنیامن نتن یاہو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بڑھتے ہوئے اندرونی تنازعات کے پیش نظر تل ابیب کی توجہ حماس اور حزب اللہ کے ساتھ محاذ آرائی کی طرف مبذول نہیں کرائی جا سکتی۔
سحر نیوز/ دنیا: ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کئی محاذوں پر کشیدگی میں اضافے سے بچنا چاہتے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے اندرونی تنازعات کے پیش نظر تل ابیب حماس اور حزب اللہ کا سامنا نہیں کر سکتا۔
اس صیہونی اخبار نے لکھا ہے کہ بنیامن نتن یاہو نے وزیر جنگ یوو گیلنٹ، وزیر خارجہ ایلی کوہن، وزیر داخلہ ایتمار بن گووئر، اسٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر اور دیگر سینئر اسرائیلی سیکورٹی حکام کے ساتھ ایک مشاورتی ملاقات کے دوران اعلان کہا کہ تنازعات کے محاذوں کی توسیع سے پرہیز کیا جائے اور ایک متحدہ محاذ پیش کیا جائے۔
صیہونی حکومت کے چینل-12 نے بھی اس ملاقات میں نتن یاہو کے حوالے سے کہا کہ مختلف مسائل پر ہمارے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں تاہم ہمیں اپوزیشن کی طرف سے اور سڑکوں پر ہر جگہ سے چیلنجز کا سامنا ہے -
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے بھی تل ابیب کے سیکورٹی مسائل کا اعتراف کیا اور کہا کہ ہمیں کابینہ کے اندر غیر ضروری اختلافات سے بچنا چاہیے اور حکومتی اتحاد کو اپنی طاقت اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
مقبوضہ فلسطین کے ساتھ لبنان کی سرحد پر حالیہ کشیدگی کے بعد، ایک صیہونی فوجی اہلکار نے امریکی ویب سائٹ Axios سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج اور موساد نے لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں پر حزب اللہ کے ردعمل کی نوعیت کے بارے میں کئی جائزے لئے ہیں۔