امریکہ: ڈیری فارم میں دھماکے اور خوفناک آگ نے 18 ہزار مویشیوں کی جان لے لی (ویڈیو)
یہ ٹیکساس کی تاریخ میں مویشیوں کے لیے سب سے مہلک آتشزدگی تھی جس میں اطلاعات کے مطابق کم از کم 18 ہزار گائیں تلف ہوگئیں۔
سحر نیوز/دنیا: خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع ایک فیملی ڈیری فارم میں دھماکے اور آگ لگنے سے 18 ہزار سے زیادہ مویشی تلف ہوگئے۔
امریکہ میں ریکارڈ کی گئی گودام میں لگنے والی سب سے مہلک آتشزدگی میں مویشی فارم پر کام کرنے والی ایک خاتون ملازم بھی شدید زخمی ہوگئیں۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے قصبے ڈمٹ کے قریب واقع ساؤتھ فورک ڈیری فارمز میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
ٹیکساس ایگریکلچر کمشنر سڈ ملر نے کہا کہ یہ ٹیکساس کی تاریخ میں مویشیوں کے لیے سب سے مہلک آتشزدگی تھی، تحقیقات اور صفائی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
کاسٹرو کاؤنٹی کے ایک اعلیٰ عہدیدار سال رویرا کے مطابق امکان ہے کہ کسی آلے یا مشینری کے زیادہ گرم ہونے کی وجہ سے یہ آگ بھڑکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے کہ میتھین آگ کا باعث بنے ہو اور پھر دھماکے اور آگ کے ساتھ پھیل گئی ہو، ان کا کہنا تھا کہ اس پہلو کی تصدیق کے لیے فائر مارشلز کو مزید تفتیش کرنے کی ضرورت ہے۔
فائر بریگیڈ کی ٹیم کو آگ بجھانے کے لیے گھنٹوں محنت کرنی پڑی۔
امریکہ میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے سب سے قدیم خیراتی اداروں میں سے ایک اینیمل ویلفیئر انسٹی ٹیوٹ نے ٹوئٹ کیا کہ فارموں کو کامن سینس فائر سیفٹی اقدامات کو اپنا کر جانوروں کی حفاظت کے لیے مزید کچھ کرنا چاہیے ۔
واضح رہے کہ امریکہ میں اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔