ہندوستان: گجرات اور مدھیہ پردیش میں بے موسم شدید بارش، بجلی گرنے کے واقعات میں 28 افراد لقمہ اجل بن گئے
ہندوستان کی 2 ریاستوں گجرات اور مدھیہ پردیش میں بے موسم بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں دو درجن سے زیادہ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: گجرات اور مدھیہ پردیش ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کے سبب بڑا نقصان ہوا ہے۔ موسلہ دھار بارش نے نظام زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اس دوران مذکورہ دونوں ریاستوں کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 28 افراد کی موت ہوگئی۔ دونوں ریاستوں میں بجلی گرنے سے 71 جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
آسمانی بجلی کی زد میں آکر گجرات میں 24 اور مدھیہ پردیش میں 4 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ گجرات میں شدید بارش کے نتیجے میں 23 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ مدھیہ پردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک لڑکا زخمی بھی ہوا ہے۔
ادھر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر وزیر داخلہ امیت شاہ نے لکھا کہ خراب موسم اور بجلی گرنے کے واقعات میں بعض افراد کی موت سے مجھے دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ جن لوگوں نے اس سانحہ میں اپنے رشتہ داروں کو کھویا ہے میں ان کو تعزیت پیش کرتا ہوں نیز زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔