مغرب یوکرین میں امن کی راہ میں رکاوٹ
روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مغرب یوکرین میں امن کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: یورپ و امریکہ نے روس کے خلاف پابندیاں سخت اور یوکرین کو مختلف قسم کے ہتھیار فراہم کر کے نہ صرف یہ کہ اس جنگ کو ختم کرانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا بلکہ وہ اپنے اقدامات کی بدولت اس جنگ میں شدت کا باعث بھی بنے ہوئے ہیں۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاورف نے اپنے برازیلی ہم منصب سے گفتگو میں کہا ہے کہ روس، یوکرین میں ایک دیرپا راہ حل کا خواہاں ہے مگر یورپ و امریکہ اس راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے جنگ یوکرین کے بارے میں نیٹو اور مغرب کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس جنگ کے خاتمے کے لئے دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا۔
لاوروف نے روس کے خلاف یورپ و امریکہ کی پابندیوں کو بھی غیر قانونی قرار دیا۔ اس ملاقات میں برازیلی وزیر خارجہ نے بھی یوکرین میں جنگ بندی اور اس جنگ کا خاتمہ کرانے کے لئے امن کے حامی سہولت کار ملکوں کا ایک گروہ تشکیل دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔