اسرائیل پر پھر سائبر حملہ، موساد کی ویب سائٹ ہیک ہو گئی
صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے موساد کی ویب سائٹ سمیت اس حکومت کی متعدد ویب سائٹس پر بڑے پیمانے پر سائبر حملے کی خبر دی۔
سحر نیوز/ دنیا: صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے پیر کی شام صیہونی حکومت کی متعدد ویب سائٹس پر ایک بڑے سائبر حملے کی خبر دی۔
اس رپورٹ کے مطابق "گمنام سوڈان" نامی ہیکر گروپ نے صیہونی حکومت کی متعدد ویب سائٹس پر حملہ کیا اور موساد کی جاسوسی ایجنسی کی ویب سائٹ اور صیہونی انشورنس ویب سائٹ اس میں سرفہرست تھی۔
صیہونی اخبار معاریو کے مطابق، "گمنام ہیکر گروپ نے اپنے ٹیلی گرام پیج پر بتایا کہ اس نے دو اہم سرکاری ویب سائٹس کو غیر فعال کر دیا ہے، ایک موساد سے تعلق رکھتی ہے اور دوسری کا تعلق سرکاری انشورنس سے ہے۔ اس گروپ نے دھمکی دی ہے کہ یہ حملہ ایک بڑے حملے کا پیش خیمہ ہے۔
المیادین کے مطابق اس سائبر حملے کے اسباب اور طول و عرض کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن اس سے موساد کی معلومات کا ایک بڑا حصہ نکالا جا سکتا ہے۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران مقبوضہ علاقوں میں متعدد بینکنگ ویب سائٹس، بجلی کمپنیوں، انشورنس، پوسٹ آفس، صحت، بین گوریون ایئرپورٹ اور کئی دیگر اہم مراکز کے پر سائبر حملوں کے حوالے سے متعدد رپورٹس شائع ہوئی ہیں۔