May ۰۷, ۲۰۲۳ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • پناہ گزینوں کے مسئلے پر یورپی رہنماؤں میں اختلافات

پناہ گزینوں کے مسئلے پر یورپی رہنماؤں میں اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔

سحر نیوز/دنیا: فرانسیسی وزیر داخلہ نے اپنے ایک سخت بیان میں اٹلی کی وزیراعظم جورجیا ملونی پر اپنے ملک میں امیگریشن مسائل کو حل کرنے میں ناتوانی کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کو امیگریشن کے شدید ترین بحران کا سامنا ہے اور وہاں کی وزیراعظم جورجیا ملونی اپنے ملک میں امیگریشن مسائل کو حل کرنے میں ناتواں رہی ہیں۔

اٹلی کے وزیر خارجہ انٹونیو تاجانی نے فرانسیسی وزیر داخلہ کے اس الزام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

انہوں نے بیان پر ردعمل میں اپنا دورۂ فرانس بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پناہ گزینوں کے مسئلے پر فرانس اور اٹلی کے درمیان اختلافات مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں ۔ خاص طور سے اٹلی میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی ملونی کے بر اقتدار آنے کے بعد، یہ اختلافات مزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔

کچھ عرصے قبل اٹلی کی وزیر اعظم جورجیا ملونی نے ان پناہ گزینوں کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا تھا جو ایک جہاز کے ڈوبنے کے واقعے میں زندہ بچ کر اٹلی پہنچے تھے۔ دو سو سے زائد پناہ گزینوں کا حامل یہ جہاز کئی دنوں تک بھٹکتے رہنے کے بعد فرانس کی تولون فوجی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا اور پھر اٹلی کی حکومت کی جانب سے پناہ گزینوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیئے جانے سے فرانسیسی حکام چراغ پا ہو گئے تھے اور نتیجے میں اٹلی اور فرانس کے تعلقات مزید کشیدہ ہوتے چلے گئے۔

فی الحال پناہ گزین ہی اس سیاسی کشیدگی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، وہ اپنے ملک کی ناگفتہ بہ اور ابتر سیاسی و اقتصادی صورت حال سے نجات پانے کی امید کے ساتھ یورپ کا رخ کرتے ہیں ۔ تاہم اٹلی جیسے ملکوں نے جو پناہ گزینوں کا مرکز بنے رہے ہیں، سختیاں برتنی شروع کردی ہیں اور بعض موقعوں پر اُس نے اپنی سرحدوں کو بند بھی کیا ہے۔

ٹیگس