May ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا اور امریکہ کا سائبر شعبے میں تعاون

جنوبی کوریا کی وزرات دفاع نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکہ رواں ہفتے کے دوران سئول میں سائبر شعبے میں تعاون کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔

سحر نیوز/ دنیا: اطلاعات کے مطابق سئول میں دونوں ملکوں کے سائبر تعاون ورکنگ گروپ کا آٹھواں اجلاس منعقد ہو گا۔ گذشتہ چار برسوں کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے یہ اجلاس ورچوئل شکل میں منعقد ہوئے تھے۔

جنوبی کوریا اپنے مغربی اتحادی امریکہ کے ساتھ مل کر ہم آہنگ اور مشترکہ اقدامات میں شمالی کوریا کو جنگ پسند اور عالمی امن و سلامتی کے دشمن کے طور پر دنیا والوں کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یونہاپ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سئول اجلاس میں دونوں فریق سائبر سیکورٹی کی پالیسیوں، سائبر خطرات کے موجودہ عمل اور سائبر سیکورٹی کی تربیت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیں گے۔

گذشتہ سال کے آخر میں جنوبی کوریا کے سیکورٹی حکام نے دعوی کیا تھا کہ شمالی کوریا نے ماہرین کا ایک گروپ منظم کر کے ایک سائبر فورس تشکیل دی ہے اور وہ اسے سائبر اسپیس میں استعمال کر رہا ہے۔

جنوبی کوریا نے الزام لگایا ہے کہ دو ہزار نو سے لے کر اب تک ہونے والے تمام چھے سائبر حملے شمالی کوریا نے کیے ہیں جبکہ شمالی کوریا نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

ٹیگس