باخموت شہر پر روس کا مکمل کنٹرول، یوکرین کا اعتراف
یوکرین کی حکومت نے باخموت شہر کے سقوط کر جانے کا اعتراف کر لیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا:روس اور یوکرین کی فوجوں کے مابین چودہ مہینے سے زائد کی خونریز جھڑپوں کے بعد یوکرین کے مشرق میں اسٹریٹجک شہر باخموت پر روسی فوجیوں نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بھی تھوڑی سی تاخیر کے بعد اس شہر کے سقوط کر جانے کا اعتراف کر لیا ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے اتوار کی صبح ایک بیان میں باخموت شہر پر مکمل کنٹرول کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ واگنر گروپ کے دستوں کے فوجی آپریشن اور یوگ گروپ کے ہوائی اور توپ خانے کے حملوں کے نتیجے میں باخموت شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔
واگنر گروپ کے سربراہ یوگنی پریگوژین نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ روسی فوجیوں نے باخموت کا مکمل کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔
دونتسک شہر کے شمال میں واقع باخموت شہر حالیہ مہینوں کے دوران روس اور یوکرین کے مابین جھڑپوں کا اصلی مرکز رہا ہے۔
یہ شہر نقل و حمل کے حوالے سے بہت ہی اہم ہے اور یہاں سے بہت سے راستے گزرتے ہیں۔
باخموت شہر کو جنگ کے شروع میں علاقے میں تعینات یوکرینی فوجیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔