چین نے کیا ایران، سعودی عرب اور امارات کے اتحاد کا خیر مقدم
چین نے ایران، سعودی عرب اور امارات کے اتحاد کا خیر مقدم کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا : تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ونبین نے کہا ہے کہ بیجنگ خطے کو محفوظ بنانے کے لیے ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور خطے کے بعض دیگر ممالک کے درمیان مشترکہ بحری فوج کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں خلیج فارس کے خطے کے امن و استحکام کو برقرار رکھنا خطے کے ممالک اور عوام کی فلاح و بہبود اور عالمی امن کو برقرار رکھنے، عالمی معیشت کی ترقی کو مضبوط بنانے اور پائیدار توانائی کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین تنازعات کے حل اور بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اچھی ہمسائیگی کی پالیسی کو بہتر بنانے کیلئے خطے کے ممالک کی حمایت کرتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔
حال ہی میں ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے شمالی بحرہند میں ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین ،عراق، پاکستان اور ہندوستان کی شرکت سے ایک بحری اتحاد کے قیام کا اعلان کیا تھا۔