امریکہ میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، تین معصوم بچے ہلاک
امریکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست اوہائیو میں تین بچوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں بچوں کی عمر بالترتیب 3، 4 اور 7 سال تھی اور وہ بھائی بھائی تھے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ ریاست اوہائیو کے علاقے کلیر مونٹ میں جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے رونما ہوا۔
کلیرمونٹ کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق تینوں بچے جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاعات کے مطابق مبینہ قاتل مقتولین کا باپ ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مبینہ قاتل کا نام چاڈ ڈورمین ہے اور اس کی عمر 32 سال ہے۔ پولیس اس سے تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس جب جائے وقوعہ پہنچی تو گھر کے باہر ایک 34 سالہ خاتون بھی موجود تھی جس کے ہاتھ میں گولی لگی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی خاتون نے پولیس کو فون کرکے واقعہ کی اطلاع دی۔
فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک خاتون نے پولیس کو ٹیلی فون کے ذریعہ بتایا کہ اس کے بچوں کو گولی مار دی گئی ہے۔ اس کے تین منٹ بعد ایک اور شخص نے پولیس کو ٹیلی فون کیا اور بتایا کہ اس نے ایک چھوٹی لڑکی کو سڑک پر چیختے ہوئے دیکھا کہ اس کا باپ "سب کو مار رہا ہے۔"
اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ اگرچہ امریکہ دنیا کی آبادی کا تقریباً پانچ فیصد ہے لیکن دنیا میں ہتھیاروں سے اجتماعی قتل کے مرتکب افراد میں سے تقریباً 31 فیصد کا تعلق امریکہ سے ہے۔