Jun ۲۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان و پاکستان میں گرمی عروج پر، سن رسیدہ اور بچے خطرے کی زد میں

ہندوستان میں گرمی اب تک کم از کم 100افراد کی جان لے چکی ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں ساٹھ یا اُس سے زیادہ عمر کے لوگ اور بچے بتائے جا رہے ہیں۔

سحر نیوز/دنیا: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گرم لہر سے مرنے والوں میں چون کا تعلق ریاست اتر پردیش سے اور بیالیس کا تعلق بہار سے ہے۔ ہندوستان میں تازہ گرمی کی لہر سے مرنے والوں کی عمریں ساٹھ برس اور اس سے زائد بتائی گئي ہیں۔

ہندوستان کے محکمۂ صحت نے ساٹھ برس اور اس سے زائد عمر کے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن میں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ رپورٹ کےمطابق بچے بھی گرمی کی شدید لہر سے خاصے متاثر ہوئے ہیں۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست اتر پردیش کے بلیا ضلع کے ایک اسپتال میں اچانک اموات میں اضافہ ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے مریضوں کو تیز بخار اور سانس لینے میں تکلیف پر اسپتال لایاگیا تھا۔ تین دن میں اس اسپتال میں چون افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسپتال کے ڈاکٹر ان سبھی افراد کو گرم لہر کا شکار بتاتے ہیں لیکن ریاست میں اموات کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی جانے والی میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ بلیا کے اسپتال میں مرنے والوں کی ہلاکت کی وجہ گرم لہر نہیں بلکہ پانی کی آلودگی ہوسکتی ہے کیونکہ اس سے ملحقہ دیگر اضلاع میں یہ صورتحال نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی ہیٹ ویو کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور روزبروز موسم کا پارہ چڑھتا جا رہا ہے۔ پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے درجۂ حرارت میں قابل توجہ حد تک اضافہ ہونا شروع ہوگا۔

اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت چار سے چھے ڈگری جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

ٹیگس