Jul ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۴ Asia/Tehran
  • آئس لینڈ میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لاوا پھٹ پڑا

زلزلے کے متعدد جھٹکوں کے بعد آئس لینڈ کے گرم ترین مقام جزیرہ نما ریکجینس کے پہاڑوں سے لاوے کے فوارے جاری ہوگئے۔

سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آئس لینڈ کے موسمیاتی دفتر (آئی ایم او) کے مطابق لاوا پھٹنے کا آغاز پیر کو آئس لینڈ کے جزیرہ نما ریکجینس میں ہوا، آتش فشاں نظام زمین میں 700 میٹر گہرائی میں موجود ہے۔

آتش فشاں پھٹنے سے علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے، سائنسدانوں نے حالیہ ہفتوں میں زلزلے کے سینکڑوں معمولی جھٹکوں کے بعد ممکنہ طور پر لاوا پھٹنے سے متعلق خبردار کیا تھا۔

واضح رہے کہ 6 جولائی کو جنوبی امریکی ملک پیرو میں آتش فشاں پھٹ پڑا تھا جس کی وجہ سے اس ملک میں 2 ماہ کے لئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی ۔

اس ملک کے سب سے زیادہ فعال آتش فشاں سے راکھ اور گیس نکل رہی ہے اور راکھ 5 ہزار 5 سو میٹر کی بلندی پر پہنچ گئی جبکہ 10 کلو میٹر کا علاقہ لپیٹ میں آگیا ۔

پیرو کے وزارت ماحولیات کا کہنا ہے کہ راکھ ہواؤں کے ذریعہ جنوبی اور جنوب مشرقی علاقے میں پھیل رہی ہے۔

ممکنہ خدشات کے پیش نظر آتش فشاں کے آس پاس متاثرہ علاقے میں 2 ہزار سے زائد مکینوں کو نکال لیا گیا ہے ۔ اور ہر قسم کی بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فورسز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

ٹیگس