امریکہ اور یورپ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی، ہیٹ وارننگ جاری
امریکہ کی جنوب مغربی ریاستوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے ہیٹ وارننگ جاری کردی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا میں گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان ہے جبکہ فینیکس شہر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دنیا کے انتہائی گرم مقامات میں شامل امریکی ریاست کیلی فورنیا کی ڈیتھ ویلی کا درجہ حرارت اتوار کو 54 ڈگری سینٹی گریڈ کے نئے ریکارڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گرمی کی وجہ سے پارکس بند، ریسٹورنٹس اور کاروباری مراکز کے اوقات کار کم کردیے گئے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں بھی گرمی سے متاثرہ افراد لائے گئے جبکہ لو لگنے سے امریکہ میں 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
امریکی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
دوسری جانب یورپ کے شہری بھی گرمی سے بلبلا اٹھے ہیں ، یورپ کے بیشتر شہروں میں گرمی کی لہر میں کوئی کمی نہیں آئی، ماہرین کی جانب سے گرمی کی شدت آئندہ چند روز برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق اٹلی میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ سکتا ہے، موسمیاتی ماہرین کی جانب سے یورپ میں گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے ۔