Aug ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا: گاڑی کی ٹکر اور چاقو کے وار سے 14 افراد زخمی

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں نوجوان حملہ آور نے چاقو کے حملے اور گاڑی کی ٹکر سے 14 افراد کو زخمی کردیا۔

سحرنیوز/دنیا: غیرملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ حملہ سیئول سے 20 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ایک سب وے اسٹیشن کے قریب پیش آیا جبکہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مقامی نیوز ایجنسی نے مزید بتایا کہ 20 سالہ حملہ آور نے پہلے گاڑی ٹکر سے لوگوں کو نقصان پہنچایا پھر ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور میں موجود لوگوں پر چاقو کے وار کرتا چلا گیا۔
پولیس کے مطابق زیر حراست حملہ آور نے گاڑی کی ٹکر سے 5 افراد جبکہ چاقو کے وار سے 9 لوگوں کو زخمی کیا۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ زخمی ہونے والوں میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔
اس واقعے سے دو ہفتے قبل 21 جولائی کو بھی جنوبی کوریا کے دارالحکومت میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب ایک شخص کے چاقو کے حملے میں ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جنوبی کوریا عام طور پر ایک انتہائی محفوظ ملک ہے جہاں 2021 میں قتل کی شرح فی ایک لاکھ افراد میں 1.3 تھی۔
اس کے مقابلے میں، امریکا میں اس طرح کے حملے میں ہلاکتوں کی شرح ایک لاکھ افراد میں 7.8 ہے۔

ٹیگس