Sep ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن پرامریکی حملے کی سوئیڈن اور جرمنی نے حمایت کی: روس

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب نے سوئیڈن اور جرمنی پر نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن پر امریکی حملے کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نبنزیا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے اپنے خطاب میں سوئیڈن اور جرمنی پر نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن پر امریکی حملے کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو اس طرح کے اقدامات کے ذمہ دارعناصر کو قانون کے حوالے کئے جانے کا خواہاں ہے۔

اس سےقبل امریکی نامہ نگار سیمون ہرش نے ایک مقالے میں انکشاف کیا تھا کہ حکومت امریکہ نے روس کی جانب سے یورپی ملکوں کو سستی گیس کی فراہمی کی بنا پر جرمنی اور مغربی یورپ میں واشنگٹن کا اثرورسوخ ختم ہونے سے خائف ہو کر نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا ہے۔

اس امریکی نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا فیصلہ خود امریکی صدر جو بائیڈن نے کیا تھا ۔ اس امریکی نامہ نگار نے یہ بھی لکھا کہ نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن پر حملے کا جنگ یوکرین سے کوئی تعلق نہیں ہے اوراس پائپ لائن کے خلاف امریکی اقدام کی وجہ صرف یورپی ملکوں میں امریکی پوزیشن کا تحفظ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن روس کی گیس برآمدات کی پائپ لائن ہے جس سے مختلف یورپی ملکوں کو روس کی گيس فراہم کی جاتی رہی ہے۔

ٹیگس