بلجیئم کی وزیر نے کی غزہ میں غاصب اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ
بلجیئم کی ایک وزیر نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے بارے میں تحقیقات کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: بلجیئم کی بین الاقوامی تعاون کی وزیر کیرولین جینز نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں غزہ کے نہتھے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے پر صیہونی حکومت سے تفتیش ہونی چاہئے اور تمام شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کے عوام کے خلاف جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل حماس کے حملے پر ردعمل میں فلسطینی عوام کم نشانہ بنا رہا ہے اور اس نے جنگی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
کیرولین جینز نے اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات اور صیہونی حکام کے لئے ویزوں کے اجرا اور صیہونی مصنوعات کی درآمدات پر بندشوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بلجیئم کی اس وزیر نے غاصب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے بارے میں تحقیقات کا یہ مطالبہ، ایسی حالت میں کیا ہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ چاڈ، ہنڈوراس، چلی،کولمبیا، اردن، بحرین، ترکیہ اور بولیویا نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم پر احتجاج کرتے ہوئے اپنے سفیروں کو تل ابیب سے واپس بلا لیا ہے۔