غزہ میں وبائی امراض، بچوں کی اموات میں اضافہ ہونے کا خدشہ
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے غزہ میں وبائی امراض پھیلنے کی صورت میں بچوں کی اموات میں اضافہ ہونے پر خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے ایک پریس کانفرنس میں انتباہ دیا ہے کہ ایندھن کے فقدان سے غزہ میں حفظان صحت کے نظام کا شیرازہ بکھر جائے گا اور وبائی امراض پھیلنے کی راہ ہموار ہو گی ۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں صیہونی جارحیت کے علاوہ اس قسم کی صورت حال پیدا ہونے سے ایسے آٹھ لاکھ بچوں کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو جائے گا جو صیہونی جارحیت کے نتیجے میں بے گھر ہوئے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ میں حکومت فلسطین کے اطلاع رسانی کے دفتر نے منگل کی رات اعلان کیا ہے کہ غزہ پر حالیہ صیہونی جارحیت کے نتیجے میں چودہ ہزار ایک سو اٹھائیس مظلوم فلسطینی عام شہری شہید ہوئے ہیں جن میں پانچ ہزار آٹھ سو چالیس بچے اور تین ہزار نو سو بیس عورتیں شامل ہیں۔
اس دفتر کے اعلان کے مطابق چھے ہزار آٹھ سو سے زائد دیگر فلسطینی لاپتہ اور یا عمارتوں کے ملبوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں ۔ اسی طرح تینتیس ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں پچھہتر فیصد سے زائد عورتیں اور بچے شامل ہیں۔