Dec ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • اگر دشمنوں نے ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعے اشتعال انگیزی کی کوشش کی تو ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کرنے میں دیر نہیں ہوگی، شمالی کوریا کی دھمکی

شمالی کوریا کے رہنما نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیونگ یانگ کے دشمنوں نے ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعے اشتعال انگیزی کی کوشش کی تو شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کا استعمال کرنے میں کوئي دیر نہیں کرے گا۔

سحرنیوز/ دنیا: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اپنے ملک کے حالیہ میزائل تجربے کو ایک ٹھوس فوجی اقدام سے تعبیر کیا اور کہا کہ شمالی کوریا کے خلاف ایٹمی اشتعال انگیزی کی صورت میں پیونگ یانگ اپنے ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کرنے میں لیت و لعل سے کام نہیں لے گا۔ پیونگ یانگ نے اس خبر کی تصدیق بھی کی کہ پیر کے روز شمالی کوریا کے رہنما کی موجودگی میں ہوا سونگ اٹھارہ قسم کے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گيا۔

شمالی کوریا کے ذرائع‏ ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ اس میزائل کے تجربے کا مقصد جزیرہ نمائے کوریا میں خطرناک صورت حال کے بارے میں سخت انتباہ دینا رہا ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے میزائل تجربے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پیونگ یانگ کے خلاف دشمنانہ اقدامات کے سلسلے میں اور زیادہ مضبوط و سخت اقدامات کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جاپان کی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربہ کیا گیا ہے جس نے چھے ہزار کلو میٹر کی بلندی پر ایک ہزار سے زائد کلو میٹر کی مسافت صرف تہتر منٹ میں پوری کی ہے اور یہ میزائل پندرہ ہزار کلومیٹر سے زائد دوری تک مسافت طے کر سکتا ہے جس کی رو سے پوری سرزمین امریکہ شمالی کوریا کے اس میزائل کی زد میں ہے

ٹیگس