برطانیہ: لندن میں فلسطین کی حمایت میں زبردست مظاہرے
لندن میں فلسطین کے حامیوں نے مسلسل گیارہويں ہفتے بھی مظاہرہ کر کے غزہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔
سحرنیوز/دنیا: برطانوی عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے کرسمس کے عین قبل لندن کی سڑکوں پر نکل کر فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کئے اور فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے حملوں کی سخت مذمت کی۔لندن کے مظاہروں میں مختلف نسل و قوم کے افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور غزہ پٹی میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کررہے تھے۔ برطانوی دارالحکومت ميں ہونے والے مظاہر وں کے شرکاء کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ بھی تھے جن پر فلسطین کی آزادی کی حمایت اور صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھےبعض مظاہرین اپنے ہاتھوں میں بےگناہ عوام کے قتل عام کے خلاف احتجاج کے طور پرخون آلود کپڑے لئے ہوئے تھے۔ فلسطین کے حامی پوری دنیا میں مظاہرے کرکے غزہ پٹی کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کررہے ہيں۔ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز سے اب تک بیس ہزار ستاون فلسطینی شہید ہوچکے ہيں جن میں اکثر بچے اور خواتین ہيں جبکہ ترپن ہزار تین سو بیس فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہيں۔