بیلاروس کے لئے روسی ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی ترسیل کا کام مکمل ہوگیا: بیلاروس کے صدر
بیلاروس کے صدر نے اپنے ملک کے لئے روس کے ان ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی کھیپ مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے جو نیٹو کے فوجی اتحادی ممالک کے ممکنہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے مقصد سے اس ملک میں تعینات کیے گئے ہیں۔
سحراردو/ دنیا: بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی زیر قیادت ہونے والے اقتصادی بلاک کے اجلاس میں بیلاروس کو بھیجے گئے ہتھیاروں کی تعداد یا ان کی تعیناتی کی جگہ کا ذکر کیے بغیر کہا کہ بیلاروس کے لئے روس کے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی ترسیل اکتوبر دوہزار تیئیس میں مکمل ہو گئی ہے-
الیگزینڈر لوکاشینکو نے بھی بیلاروس میں ان ہتھیاروں کی تعیناتی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ اقدام، نیٹو کے رکن ملک کی حیثیت سے پولینڈ کی جارحیت کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ بیلاروس کو ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار بھیجنے سے پہلے روس نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ان ہتھیاروں کے استعمال کو اپنے کنٹرول میں رکھے گا۔