Dec ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ: 2023 کا سال تشدد اور رنج و الم کا سال تھا

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دو ہزار تیئیس کو تشدد اور رنج و الم کا سال قرار دیا ہے

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے نئے عیسوی سال کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دوہزار تیئیس کا سال تشدد اور رنج والم کا سال تھا۔

انٹونیو گوترش نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ دو ہزار تیئیس کا سال تشدد ، رنج و آلام اور موسمیاتی افراتفری کا سال گذرا ہے۔

انسانیت کراہ رہی ہے، ہمارا سیارہ خطرے میں ہے اور دوہزار تیئیس کو تاریخ کا سب سےگرم سال ریکارڈ کیا گيا ہے-انہوں نے کہا کہ جب ہم متحد اور ساتھ ہوتے ہیں تو انسانیت مضبوط ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوہزار چوبیس، اعتماد بحال کرنے اور امیدوں کی بحالی کا سال ہونا چاہیے۔ ہمیں مشترکہ مسائل کے حل کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ دینا چاہیے۔ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ہمیں منصفانہ اور بہترمعاشی مواقع اور عالمی مالیاتی نظام کے لیے کہ جو سب سے مخصوص ہے، متحد ہونا چاہیے-

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ دنیا کو ایسے امتیازی سلوک اور نفرت آمیز رویوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے جو ممالک اور معاشروں کے درمیان تعلقات کو زہر آلود کر رہے ہيں اور مصنوعی ذہانت جیسی نئی ٹیکنالوجیز کا بہتراستعمال کرنا چاہیے۔

انٹونیو گوترش نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کو امن، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے لیے متحد کرے گا۔ آئیے دوہزار چوبیس کو اعتماد اور امید کا سال بنانے کا عزم کریں۔

ٹیگس