Jan ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • یورپی ممالک میں فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ میں جنگ جاری رہنے کی مخالفت میں مظاہرے

یورپ کے کئی ممالک میں فلسطینی عوام کی حمایت اور غزہ میں جنگ جاری رہنے کی مخالفت میں مظاہرے ہوئے ہیں ۔

سحر نیوز/ دنیا: فلسطینی عوام کے حامیوں اور غزہ پٹی پر حملے کے مخالفین نے اسپین، ڈینمارک، سوئيڈن، ہالینڈ، جرمنی اور آسٹریا میں احتجاجی مظاہرے کر کے غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملے روکے جانے کا مطالبہ کیا۔

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ، سوئيڈن کے شہر ہلسینگبوری، ڈینمارک کے کوپن ہیگن اور اوڈنسہ ، ہالینڈ کے روترڈیم ، جرمنی کے زاربروکن اور برلین اور آسٹریا کے ویانا شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں زبردست نعرے لگائے گئے۔

یورپی ممالک کے ان شہروں میں ہونے والےمظاہروں میں شامل مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں انجام پانے والے وحشیانہ جرائم اور نسل کشی سے متعلق تصویریں اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم اور نسل کشی کی مذمت کررہے تھے –

یورپی ممالک کے مظاہرین صیہونی حکومت کے خلاف ہیگ کی عالمی عدالت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اس غاصب حکومت کا بائیکاٹ اور اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔

ادھر نیویارک میں بھی مظاہرہ کررہےامریکیوں نے بائیڈن حکومت کی جانب سے غزہ کی جنگ میں اسرائیل کی حمایت کرنے بنا پر خود امریکی پرچم نذرآتش کردیا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے حامی مظاہرین نے منہٹن میں امریکہ اسرائیل تعلقات کمیٹی آیپک کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور امریکی پرچم کو نذر آتش کردیا مظاہرین نے نیویارک کی سڑکوں پر نکل کر غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم پر واشنگٹن کی حمایت پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اور گو بائیڈن گو کے نعرے لگائے ۔

مظاہرین کا ایک نعرہ یہ بھی تھا کہ بائیڈن، امریکیوں کے ٹیکس کا پیسہ غزہ میں نسل کشی کے لئے خرچ کر رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ویڈیوز میں پولیس ، نعرے لگانے والے مظاہرین کو گرفتار کرتے ہوئے نظر آرہی ہے۔ اوکلینڈ شہر میں بھی سیکڑوں افراد نے فلسطین کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر لکھا تھا، بائیڈن قتل عام میں شریک ہے اور اسرائیل کو بم دینا بند کرو ۔

ان تمام مظاہروں کے باوجود بائیڈن حکومت غزہ میں ہونے والے قتل عام میں اسرائیلی حکومت کی حمایت کررہی ہے اور تحریک حماس کی نابودی کے دعوے کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی کے حوالے سے پیش کی جانے والی تمام قراردادوں کو ویٹو کردیا ہے ۔

ٹیگس