غزہ کے سترہ ہزار بچے اپنے ماں باپ سے محروم ہوچکے ہیں، یونیسف کی رپورٹ
اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسف کے ترجمان نے ایسے سترہ ہزار بچوں کی صورت حال کو نہایت ابتر قرار دیا ہے کہ جن کے ماں باپ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت میں شہید ہو گئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ یونسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے غزہ میں بچوں کی صورت حال کو نہایت قابل افسوس قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں سترہ ہزار بچے یتیمی کی زندگی بسر کر رہے ہیں کیونکہ ان کے ماں باپ غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت میں مارے جا چکے ہیں جبکہ بعض بچوں کا کوئی قریبی رشتہ دار تک موجود نہیں رہا ہے اور پورا گھرانا صیہونی بمباری اور حملوں میں شہید ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بعض بچے بمباری سے بچنے کی بنا پر ادھر سے ادھر چلے جاتے ہیں اور پھر لاپتہ ہوجاتے ہیں۔ اس ترجمان نے کہا کہ فلسطینی بچے صحیح حالت میں بھی صرف ایک وقت کا ہی کھانا کھا پاتے ہیں۔