Feb ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کی پالیسی فلسطینی عوام کی تباہی کی پالیسی: کیوبا کے وزیر خارجہ

کیوبا کے وزیر خارجہ نے غزہ میں صیہونی جارحیت کے نتیجے میں صحت و سلامتی کی سنگین صورت حال کی مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو فلسطینی عوام کی تباہی کی پالیسی سے تعبیر کیا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے سوشل میڈیا پلیٹفارم "ایکس" پرایک پیغام میں غزہ میں صیہونی جارحیت سے پیدا ہونے والی صحت کی سنگین صورت حال کی مذمت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کیوبا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت غزہ میں کینسر کے 10 ہزار مریض اور 11 ہزار زخمی ایسے ہیں جنہیں دوسرے ممالک میں طبی خدمات کی ضرورت ہے جبکہ 7 لاکھ افراد کی صحت آلودگی اور بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے شدید متاثر ہے۔

دریں اثنا کیوبا کے صدر نے امریکہ کی طرف سے غزہ کے بارے میں سلامتی کونسل کی قرارداد کو بار بار ویٹو کئے جانے پر واشنگٹن کو فلسطینی عوام کی نسل کشی میں صیہونی حکومت کا ساتھی اور شراکت دار قرار دیا ہے۔

ادھر عالمی ادارۂ صحت، اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) اور ورلڈ فوڈ پروگرام نے ایک مشترکہ پریس ریلیز میں غزہ میں 20 ہفتوں سے زائد جنگ کے بعد خوراک اور پینے کے پانی کی کمی کے نتیجے میں بیماریاں پھیلنے کی بابت خبردار کیا ہے۔

ٹیگس