امریکا، برطانیہ اور ان کے اتحادیوں کا یمن پر حملہ (ویڈیو)
امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے چھے ملکوں کے ساتھ مل کر یمن کے آٹھ علاقوں میں اٹھارہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر جنگ لوئیڈ آسٹین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کے یہ حملے آسٹریلیا، بحرین، کینیڈا، ڈنمارک، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ کی حمایت سے انجام پائے۔ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، بحرین، کینیڈا، ڈنمارک، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ نے بھی ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ یمن کے آٹھ علاقوں پر کئے جانے والے اس حملے میں مختلف یمنی تنصیبات، ہتھیاروں کے گوداموں، جنگی ہیلی کاپٹر و میزائل تنصیبات، یمنی دفاعی فضائی سسٹم، ریڈار اور ایک ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
یمن کے مقامی ذرائع نے بھی رپورٹ دی ہے کہ یمن میں الحصبہ، عطان، النہدین، اور مشرقی صنعا میں جبل خشم البکرہ نامی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا۔
یمن کی مسلح افواج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی کامیابی کے لئے یمنی عوام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اور اسی طرح یمن پر امریکہ اور برطانیہ کی جارحیت کے جواب میں یمن کی بحریہ نے اپنی مثالی کارروائی انجام دے کر خلیج عدن میں امریکہ کے ٹارم تھور آئل ٹینکر کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی فضائیہ نے بھی بحیرہ احمر میں امریکی بحریہ کے ایک جہاز پر بھی ڈرون حملہ کیا ہے۔