یمنی فورسیز کا امریکی بحری جہاز پر حملہ، تین ہلاک
با خبر ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی بحری جہاز پر باب المندب میں حملہ ہوا جس کے دوران عملے کے تین کارکن ہلاک اور چار زخمی ہو گئے-
سحرنیوز/ دنیا: رپورٹوں کے مطابق حملے کا شکار ہونے والے امریکی بحری جہاز کے عملے نے جہاز چھوڑ دیا ہے۔ بحری تجارت پر نظر رکھنے والے برطانوی ایجنسی نے بھی بدھ کی شام ایک بیان جاری کرکے ایک بحری جہاز کے لئے حادثے کی اطلاع دی تھی۔ برطانیہ کی بحری سیکوریٹی کمپنی " ایمبری " نے بھی بتایا ہے کہ اسے یمن کے عدن شہر سے 57 کیلو میٹر جنوب مغرب میں امریکہ کے ایک مال بردار جہاز میں دھماکے کی رپورٹ ملی ہے۔ اس کمپنی نے بتایا ہے کہ امریکہ کے ایک مال بردار جہاز کو اپنا راستہ بدلنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
یہ حملہ ایسے حالات ميں ہوا ہے کہ جب یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے اس سے پہلے ایک بیان جاری کرکے بتایا تھا کہ یمنی فوج نے فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت اور امریکہ و برطانیہ کی جارحیت کے جواب میں بحیرہ احمر میں امریکہ کے دو بحری جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حملے میں بحری میزائل اور ڈرون طیاروں کا استعمال کیا گيا ہے۔ انہوں نے اسی طرح اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے محاصرے کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہيں گے۔