Mar ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • روس اور مغرب کے مابین بڑی جنگ کی تیاری

جرمنی نے ایک خفیہ انٹیلی جنس رپورٹ شائع کرکے دعویٰ کیا ہے کہ روس دوہزار چھبیس تک مغرب کے ساتھ ایک بڑی لڑائی کی تیاری کر رہا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: جرمن انٹیلی جنس کے جائزے میں، روس میں ہتھیاروں کی پیداوار میں نمایاں اضافے کا انتباہ دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ روس اپنی فوجی طاقت کو آئندہ پانچ برسوں میں دوگنا کرلے گا اور دوہزار اٹھائیس میں نیٹو کی قلمرو میں جنگ شروع ہوگی ۔ اس رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافے کی پیش گوئی نے جرمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کو یہ نتیجہ اخذ کرنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اگلے دو برسوں میں یورپی سرزمین پر روسی حملے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی بحر اوقیانوس کے معاہدے کی تنظیم (نیٹو) کو بھی حالیہ کشیدگی میں اضافے کے بارے میں اسی طرح کے خدشات ہیں، لیکن یہ ضروری نہیں کہ مغرب کو روس کے ساتھ براہ راست تصادم کی طرف دھکیل دیا جائے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مغربی روس میں میزائلوں کی تعیناتی، فوج کی تنظیم نو، افواج کی نقل و حرکت اور ہتھیاروں کی تیاری میں توسیع، وہ جملہ موارد ہیں کہ جن کا ذکر جرمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نتائج میں کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ دو سال کے اندر، روس بالٹک کے ممالک یا فن لینڈ سمیت یوکرین کے مغرب میں نیٹو کی سرزمین کے کسی حصے پر حملہ کر سکتا ہے۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل ینس اسٹولٹن برگ نے بھی اس اتحاد کے رکن ممالک سے کہا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر روس کے ساتھ طویل تصادم کے لیے تیار رہیں۔

ٹیگس