Mar ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • دنیا کے کئی ممالک میں فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مظاہرے

دنیا کے اکثر ممالک کے عوام نے غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خلاف ایک بار پھر مظاہرے کئے ہيں۔

سحرنیوز/دنیا: دنیا بھر میں موجود فلسطین کے حامی گزشتہ کئی مہینوں سے غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف مظاہرے کرکے جرائم کو روکنے اور جنگ کو فورا بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہيں۔ امریکہ کی کرنل یونیورسٹی میں بھی مظاہرے ہوئے ہيں۔ مظاہرین نے یونیورسٹی کے ان چوبیس طلبہ کی رہائی کا مطالبہ کیا جنہیں فلسطین کی حمایت میں دھرنے پر بیٹھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دریں اثنا صنعا اور یمن کے دیگر علاقوں میں بھی فلسطینی استقامت اور غزہ کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے ہيں۔ یمن کے مختلف صوبوں کے عوام نے مظاہروں میں غزہ پٹی میں صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور وحشیانہ جرائم کی مذمت کی اور بحیرہ احمر، بحیرہ عرب اور بحر ہند میں صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے بحری جہازوں کے خلاف یمنی فوج کی کارروائیوں کی حمایت کا اعلان کیا۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئول میں بھی فلسطینی کاز کی حمایت اور غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خلاف مظاہرے ہوئے ہيں۔ مظاہرین نے غزہ کے خلاف جنگ کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا- ان مظاہروں میں سئول کے عوام اپنے ہاتھوں میں ایسے پرچم اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر فلسطین کی آزادی کے لئے نعرے درج تھے۔

اردن کے دارالحکومت امان میں بھی نماز جمعہ کے بعد فلسطین بالخصوص غزہ کی حمایت میں بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے صیہونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کی۔ امان میں ہونے والے ان مظاہروں میں مسجدالاقصی کا محاصرہ ختم کرنے اور غزہ کے خلاف نسل کش صیہونی حکومت کی جنگ فورا بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

ٹیگس