Mar ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • کیا اسرائیلی فوج رفح میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی ہے؟

صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم رفح میں داخل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ سے ملاقات میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے دستے غزہ پٹی کے انتہائی جنوبی علاقے رفح پر زمینی حملے کی تیاری کر رہے ہیں جو دس لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کی پناہ گاہ ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ کے پناہ گزینوں کی آخری پناہ گاہ پر حملے کے انسانی نتائج کے بارے میں بین الاقوامی انتباہات اور امریکہ کی مخالفت کے باوجود، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے حماس کے ہاتھوں قیدی بنائے گئے اسرائیلی فوجیوں کے اہل خانہ سے کہا کہ ہم رفح میں داخل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں اور کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور خان یونس پر قبضہ کر لیا ہے اور غزہ پٹی کو محفوظ بنا لیا ہے، انہوں نے کہا کہ قابض فوج رفح میں داخل ہونے کی تیاری کر رہی ہے۔

اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ سے خطاب میں نتن یاہو نے کہا کہ ہم نے 123 مغویوں کو آزاد کرا لیا ہے اور ہم ان سب کو واپس لانے کے پابند ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کی تمام توانائیوں کو جس میں حماس پر فوجی دباؤ بھی شامل ہے، پوری دانشمندی کے ساتھ ان مذاکرات میں استعمال کیا جانا چاہیے جو اسرائیلی قیدیوں کی آزادی کے لئے روزانہ انجام دیئے جا رہے ہیں۔

ٹیگس