Apr ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۳:۱۳ Asia/Tehran
  • علاقائی محاذ آرائی کسی کے فائدے میں نہیں: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کا اسرائیل کو انتباہ

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف حملے کے ذریعے خطے میں کشیدگی میں مزيد اضافہ نہ کرے کیونکہ علاقائی تصادم کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

سحرنیوز/ دنیا : منگل کے روز فرانسیسی اخبار لومونڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی طرف سے یہ تنبیہی کارروائی دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں کی گئی ہے کہاکہ اسرائیلی حکومت کو خبردار کردیا گيا ہے کہ علاقائی تنازعہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ جنگ ختم نہیں ہوگی۔

جوزف بورل نے کہا کہ ایران کے حکام نے صیہونی حکومت کے خلاف تنبیہی کارروائی سے چند روز قبل اور دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اس حکومت کے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں یہ اعلان کردیا تھا کہ وہ صرف اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسرائیل کی نسل کش حکومت نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر ایک دہشت گردانہ حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایران کے سات اعلی فوجی مشیروں کی شہادت ہوگئی تھی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی اور ایرانی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای نے تل ابیب کی کارروائی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین پر حملہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ صیہونی حکومت کو "سزا" دی جائے گی۔ اسی سلسلے میں اتوار کی صبح چودہ اپریل کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مقبوضہ علاقوں کی طرف ڈرون اور میزائل داغ کر اس جارح حکومت کو سزا دی ہے-

اسرائیل اور امریکہ کی غاصب حکومت سے وابستہ میڈیا نے مقبوضہ سرزمین میں ہونے والی تباہی اور نقصان کے حجم کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے لیکن موصولہ تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون سے نسل کش صیہونی حکومت کے اہم فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گيا ہے-

ٹیگس