Apr ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۸ Asia/Tehran
  • اسرائیل اور یوکرین کے لئے امریکی امداد

امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائک جانسن، چند ماہ کی تاخیر کے بعد آخرکار یوکرین کے لئے بائيڈن حکومت کے امدادی پیکج پر ووٹنگ کرانے کے لئے تیار ہوگئے ہيں۔

سحرنیوز/ دنیا: امریکہ کی ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائک جانسن نے ایوان نمائندگان کے لئے بھیجے جانے والے پیغام میں بدھ کے دن سے یوکرین، صیہونی حکومت، بحرالکاہل اور بحرہند کے علاقوں اور روس، چین  ایران کا مقابلہ کرنے کی تدابیر سے متعلق چار بلوں کو منظور کرانے کے لئے ووٹنگ کرانے کی خبردی ہے۔
جانسن نے امریکی کانگریس کے اراکین کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان بلوں پر سنیچر تک کانگریس میں بحث ہوگی اور ممکنہ اصلاحات کے بعد سنیچر کی شام تک کانگریس میں اس پر ووٹنگ کرائی جائے گی۔
امریکی کانگریس کے ریپبلکن اسپیکر کو اس وقت اپنی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے سخت سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔ وہ روس کا مقابلہ کرنے کی غرض سے کی ایف کے لئے امریکی مدد جاری رکھنے کے لئے ریپبلکن پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہيں۔ گزشتہ دوماہ سے یوکرین، اسرائیل اور دیگر امریکی اتحادیوں کے لئے پچانوے ارب ڈالر کا بائيڈن کا امدادی پیکج اب تک منظور نہيں ہو سکا ہے۔
جانسن نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اور ریپبلکنس اسرائیل کے ساتھ کھڑے رہنے کی ضرورت کو سمجھتے ہيں اور وہ اس ہفتے امدادی پیکج کی منظوری کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اس پیکج کی تفصیلات مرتب کی جا رہی ہے، ہم تمام مسائل اور آپشنس کا جائزہ لے رہے ہيں۔
فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود، امریکی میڈيا کے بقول امریکی حکومت نے اسرائیل کے لئے اربوں ڈالر کی خفیہ مدد مختص کی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ اور وزارت جنگ پینٹاگون کے باخبر حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے لئے ہتھیاروں کے نئے پیکج میں ایم کے بیاسی نام کے دوہزار پونڈ وزنی ایک ہزار آٹھ سو سے زیادہ بم اور پانچ سو پونڈ وزنی پانچ سو بم شامل ہيں۔
اس سے قبل موصول ہونے والی رپورٹوں میں اسرائیل کی جانب سے دو ہزار پونڈ کے بموں کے استعمال کو غزہ میں بڑے پیمانے پر عام شہریوں کے جانی نقصان کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

ٹیگس