روس اور چین نے کئے اسٹریٹیجک شراکت داری کی دستاویزات پر دستخط
روس اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کی دستاویزات پر دستخط ہوگئے-
سحرنیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق باہمی اسٹریٹیجک شراکت داری کی دستاویز پر بیجنگ میں چین اور روس کے صدور نے دستخط کئے ۔ یاد رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن دو روزہ سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے ہیں۔
بیجنگ سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے صدور، شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن نے ایک ساتھ مل کر کام کرنے کے عہد کا اعلان بھی کیا۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ چین ہمیشہ روس کا اچھا پڑوسی ، دوست اور حلیف رہے گا۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ دوستانہ اور پرخلوص ماحول میں بات چیت ہوئی ۔ روسی صدر نے بتایا کہ انھوں نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ یوکرین بحران، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے موضوع پر گفتگو کی ۔
انھوں نے کہا کہ چین اور روس نے پر امن جوہری تعاون بڑھانے اور لاجسٹک کوریڈور کی تیاری پر اتفاق کیا ہے ۔روسی صدر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایشیا پیسیفک میں قابل اعتماد سیکورٹی ڈھانچہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔