Jun ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کی شکایت میں اسپین بھی شامل

خبری ذرائع کے مطابق اسپین نے بھی عالمی عدالت انصاف میں صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی افریقہ کی شکایت میں شامل ہونے کے لئے درخواست دی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ین الاقوامی عدالت انصاف نے اعلان کیا ہے کہ اسپین نے جنوبی افریقہ کی اس شکایت میں شامل ہونے کی درخواست جمع کرائی ہے جس میں صیہونی حکومت پر غزہ میں نسل کشی کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس سے قبل ہسپانوی وزیر خارجہ خوزہ مانوئل آلبارس نے اعلان کیا تھا کہ اس ملک کے حکام نے جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیلی حکومت کے خلاف اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں شکایت کے معاملے میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہسپانوی حکومت نے اس سے قبل وزراء کی کونسل کے ایک فیصلے میں فلسطین کی ریاست کو سرکاری طور پر تسلیم کیا تھا۔

ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں واقع بین الاقوامی عدالت انصاف نے اس سے قبل رفح میں صیہونی حکومت کی فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کے حق میں تیرہ اور مخالفت میں دو ووٹوں سے فیصلہ جاری کیا تھا اور غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل کے لیے رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ان دنوں اسپین نے یورپی قیادت کا کردار سنبھالا ہے اوروہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے اپنے شراکت داروں کو آپس میں ہم آہنگ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے اس سے قبل نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی پر صیہونی حکومت کے خلاف ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں بین الاقوامی عدالت انصاف میں شکایت جمع کرائی تھی۔

ٹیگس