Jul ۱۴, ۲۰۲۴ ۰۸:۵۷ Asia/Tehran
  • ڈونلد ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی

امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی ہے۔ امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ زخمی ہوگئے ہیں۔ فائرنگ کے وقت ٹرمپ ریلی کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

سحرنیوز/دنیا: خبروں کے مطابق سابق امریکی صدر کو اس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ابھی پانچ ہی منٹ گزرے تھے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔ امریکی ٹی وی کے مطابق ریلی میں پیش آئے واقعہ میں ڈونلڈ ٹرمپ زخمی ہوئے ہیں، ان کے سر اور کان پر خون کے نشانات تھے۔ طبی معائنے کے بعد ٹرمپ کو اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ فائرنگ کی آوازیں آنے سے پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد اس ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔ واقعہ میں ریلی میں موجود ایک اور شخص بھی ہلاک اور ایک شدید زخمی بھی ہوا، جبکہ حملے کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ممکنہ طور پر دو حملہ آور تھے اور دونوں کو گولی مار دی گئی جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ دونوں حملہ آور ڈونلڈ ٹرمپ سے کئی سو گز دور موجود تھے اور اسنائپر یعنی نشانہ باز تھے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق ریلی کے دوران 8 سے 10 گولیاں چلنے کی آوازیں آئی تھیں۔ذرائع کے مطابق ٹرمپ کی ریلی میں جس رائفل سے فائرنگ کی تھی اسے بر آمد کرلیا گیا ہے۔ خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے۔
فائرنگ کے بعد سیکرٹ سروس کے اہلکار سابق صدر کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ کاونٹی پراسیکیوٹر نے تصدیق کی ہے کہ ٹرمپ کی ریلی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
امریکی خفیہ سروس کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں اور ان کے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔ امریکی سیکرٹ سروس کے مطابق ریلی میں پیش آئے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی۔ ریلی میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں۔ ٹرمپ کی انتخابی ٹیم نے بھی کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بالکل ٹھیک ہیں۔ سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی، عوام کو آگاہ کردیا جائے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر بائیڈن کو ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کے واقعے پر بریف کردیا گیا ہے۔ روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔

ٹیگس