نیتن یاہو کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ زور پکڑ گیا، 84 مظاہرین گرفتار
مقبوضہ علاقوں میں نیتن یاہو کے خلاف صیہونیوں کے مظاہرے بڑھنے کے ساتھ پولیس نے 84 مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف عوامی مظاہرے شدت اختیار کرگئے ہیں۔
پیر کی رات کو ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس نے مظاہرین پر دھاوا بول دیا اور مختلف شہروں میں مجموعی طور پر 84 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
لیبر یونین کی جانب سے عام ہڑتال اور عوامی مظاہروں کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے تشدد آمیز رویہ اختیار کیا۔ صہیونی ذرائع ابلاغ کے مطابق تل ابیب میں 53 اور مقبوضہ بیت المقدس میں 24 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
غزہ میں قیدی صیہونیوں کی ہلاکت اور سیکورٹی فورسز کو ہونے والے جانی نقصانات کے بعد اسرائیلی عوام نیتن یاہو کابینہ کے خلاف غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ صیہونی عوام نیتن یاہو پر جنگ بندی میں رکاوٹیں ڈالنے اور حماس کے خلاف کاروائی میں ناکامی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔
عبرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ اسرائیلی عوام نیتن یاہو کابینہ پر قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر فوری دستخط کا مطالبہ کر رہے ہیں۔