یورپی ممالک اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ معطل کریں، اسپین کا مطالبہ
اسپین کے وزیر اعظم نے غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین کو تل ابیب کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کو معطل کرنا چاہیے۔
سحرنیوز/دنیا: رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی یونین تل ابیب کے ساتھ تجارتی معاہدے کو معطل کرے۔
اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے صیہونی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یورپی کمیشن کو دو یورپی ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعاون کے معاہدے کو معطل کرنے کی درخواست پر ایک بار پھر جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج (UNIFIL) کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملے کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے UNIFIL فورسز کے انخلاء کی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ غزہ کی جنگ میں صیہونی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں وسیع تر خدشات کے پیش نظر اسپین اور آئرلینڈ نے فروری میں یورپی کمیشن سے باضابطہ طور پر کہا کہ وہ یونین اور اسرائیل کے درمیان تجارتی تعاون کے معاہدے پر نظرثانی کرے، تاہم برسلز نے ابھی تک جواب نہیں دیا ہے۔