غزہ میں صحافیوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کا سخت رد عمل
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ غزہ میں صحافیوں کا قتل عام ناقابل قبول ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جنیوا میں مشرق وسطی کی صورت حال کے بارے میں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ 2024 کے زیر عنواں منعقدہ سیمینار کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور ذرائع ابلاغ اور صحافت کی آزادی ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اسی طرح غزہ میں صحافیوں اور نامہ نگاروں کے داخلے کی صیہونی مخالفت کی شدید مذمت کی ۔
گوتریش نے جنگ و جارحیت اور فلسطینی علاقوں پر غاصبانہ قبضے کے خاتمے کے مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صحافیوں اور نامہ نگاروں کے داخلے پر پابندی سے حقیقت پامال ہو گی ۔
غزہ کے انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے عام شہریوں کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کے آغاز سے اب تک ذرائع ابلاغ کے ایک سو تراسی نمائندے اور صحافی شہید ہو چکے ہیں۔