کازان کی بلند عمارت پر یوکرین کا حملہ
یوکرین نے سرحد سے ایک ہزار کلومیٹر دور روس کے شہر کازان کی ایک بلند رہائشی عمارت پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین نے روس کی جانب سے جمعے کے دن کئے گئے فضائی حملے کے جواب میں سرحد سے ایک ہزار کلو میٹر دور روس کے شہر کازان میں واقع ایک بلند رہائشی عمارت پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ مقامی حکّام کے مطابق 1.3 ملین سے زیادہ آبادی والے شہر کازان کی رہائشی عمارت پر ہونے والے ڈرون حملے میں عمارت کو نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخوروا نے بتایا ہے کہ دو ڈرونز نے 37 منزلہ اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔ روسی دفترِ خارجہ کی ترجمان نے بتایا ہے کہ عمارت پر حملہ آور ہونے والے 2 ڈرونز سمیت 3 ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے جبکہ 3 کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
یوکرین کی جانب سے کیے گیے اس ڈرون حملے کی وجہ سے کازان شہر کے مصروف ترین بین الاقوامی ایئر پورٹ کو جزوی طور پر بند کرنا پڑا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے حملے کے بعد عمارت سے کچھ رہائشیوں کو ریسکیو کرلیا ہے لیکن کسی بھی قسم کے اعداد و شمار فراہم نہیں کیے گئے اور احتیاطا علاقے میں تمام اہم عوامی تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ، روسی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ یوکرین نے گزشتہ ہفتے مشرقی یوکرین کے ایک گاؤں پر قبضہ کر لیا جو کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع میں ایک نئی پیش رفت ہے۔
یاد رہے کہ کازان میں ہونے والا یہ حملہ روس کی جانب سے کیف پر کئے گئے حملے کا جواب ہے جس میں ایک یوکرینی شہری ہلاک جبکہ تیرہ زخمی ہوئے تھے۔