غرب اردن میں بڑھتی صیہونی جارحیت، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے صیہونی حکومت اور تحریک حماس کے درمیان جنگ بندی سمجھوتے پر دستخط کے باوجود غرب اردن پر اسرائیلی فوج کے حملوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: فرحان حق نے کہا کہ سیکریٹری جنرل آنٹونیوگوترش کو غرب اردن کے جنین علاقے کی صورت حال پر تشویش ہے کیونکہ اسرائیلی جارحیت اور جنگ کے باعث اس علاقے کے اسپتالوں اور طبی مراکز کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو غرب اردن میں ایک غاصب طاقت کے عنوان سے یہ ضمانت دینا چاہئے کہ طبی مراکز اور طبی خدمات تک سب کو رسائی ہوگی۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنین اور اس کے پناہ گزیں کیمپوں کی سیکورٹی کے بارے میں گہری تشویش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ جنگ، بمباری اور غیرقانونی کالونیوں کی تعمیر کی توسیع جیسے مسائل کی بنا پر غرب اردن کی صورت حال بدتر ہوتی جا رہی ہے۔