Mar ۰۱, ۲۰۲۵ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • زیلنسکی نے امریکا کی بے عزتی کی ہے : ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جھگڑے کے بعد یوکرینی صدر زیلنسکی کو وائٹ ہاؤس سے نکال دیا اور کہا کہ زیلنسکی نے امریکا کی بے عزتی کی ہے اور وہ امن کے لئے تیار نہیں ہیں۔

سحرنیوز/دنیا:  غیرملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جو جھگڑےمیں تبدیل ہوگئی۔ میڈیا نمائندوں کے سامنے یوکرینی صدر کی امریکی صدر اور نائب سے تکرار ہوتی رہی جس کی ویڈیو کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔ ملاقات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں امریکی صدر ٹرمپ نے صدر زیلنسکی سے کہا کہ آپ کا ملک جنگ نہیں جیت رہا، آپ ہماری وجہ سے اس جنگ سے صحیح سلامت نکل سکتے ہیں۔ اگر آپ کی فوج کے پاس ہمارا دیا ہوا عسکری سازوسامان نہیں ہوتا تو یہ جنگ 2 ہفتوں میں ہی ختم ہوجاتی۔

اس دوران یوکرینی صدر متعدد مرتبہ امریکی صدر کی بات کا جواب دینے کی کوشش کرتے رہے لیکن ٹرمپ نے یوکرینی صدر کو بولنے نہیں دیا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے باقی مصروفیات منسوخ کر کے زیلنسکی کو وائٹ ہاؤس سے نکال دیا اور مشترکہ پریس کانفرنس بھی منسوخ کر دی۔ یوکرینی صدر کو  واپس بھیج کر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پربیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ  وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اگر امریکا یوکرین کے ساتھ شامل حال رہتا ہے تو زیلنسکی امن کے لیے تیار نہیں ہیں۔

ٹیگس