غزہ فلسطینی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے؛ چین
چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غزہ فلسطینی سرزمین کا ایک اٹوٹ اور ناقابل تقسیم حصہ ہے، خبردار کیا کہ طاقت کے استعمال کے ذریعے اس پٹی کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش سے نہ صرف امن قائم نہيں ہوگا بلکہ کشیدگی میں بھی اضافہ ہوگا۔
سحرنیوز/دنیا: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ چین ، مصر اور دیگر عرب ممالک کی جانب سے غزہ میں امن بحال کرنے کے لیے پیش کیے گئے منصوبے کی حمایت کرتا ہے، غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ایک ناقابل تقسیم حصہ ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کی حیثیت میں کوئی بھی جبری تبدیلی صرف نئے انتشار کا سبب بنےگی۔
وانگ ژی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مستقل جنگ بندی کے لیے کوششیں کرے، انسانی امداد میں اضافہ کرے اور "فلسطینیوں کے فلسطین پر حکومت کرنے" کے اصول کو برقرار رکھے۔
انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا جو مشرق وسطی کے تنازع کے حل کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ چین، مشرق وسطی کے عوام کے لیے انصاف، امن اور ترقی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گا۔
وانگ ژی نے یوکرین کے بحران کو بھی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ چین عالمی مسائل میں کشیدگي میں ہمیشہ سفارتی حل کی پاسداری پر زور دیتا ہے۔