Apr ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۳:۱۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ زور پکڑ گیا

امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف امریکہ اور دیگر ممالک میں ہزاروں لوگوں نے مظاہرہ کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی حکومت کی نئی پالیسیوں نے اندرون ملک اور بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت سنبھالنے کے بعد جارحانہ پالیسیاں اپنائیں، جن میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیل کی حمایت اور دیگر ممالک پر بھاری تجارتی محصولات عائد کرنا شامل ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں امریکہ اور دیگر ممالک میں احتجاج کی لہر دوڑ گئی۔
صدر امریکہ ٹرمپ کی پالیسیوں کے بعد واشنگٹن سمیت امریکہ بھر میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ اور ان کے ارب پتی اتحادی ایلن مسک کے خلاف مظاہرے کیے۔ یہ احتجاجی مظاہرے نہ صرف امریکہ کی تمام ریاستوں میں منظم طور پر کیے گئے، بلکہ کینیڈا اور میکسیکو جیسے دیگر ممالک میں بھی مظاہرے ہوئے۔
واشنگٹن میں نیشنل مال کے اطراف میں بارش کے باوجود بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے۔ منتظمین کے مطابق صرف واشنگٹن میں بیس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، جب کہ مجموعی طور پر ایک سو پچاس سے زائد تنظیمیں اس مظاہرے میں شامل ہوئیں۔
مظاہرین میں سے بعض کے ہاتھوں میں "فلسطین کو آزاد کرو" کے پلے کارڈز اور فلسطینی شالیں تھیں، جب کہ بعض نے یوکرین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔
احتجاج میں شریک لوگ ٹرمپ کی پالیسیوں، غزہ کے خلاف صہیونی حکومت کی حمایت، وفاقی بجٹ میں کٹوتی اور عالمی تجارتی محاذ آرائی پر شدید تنقید کر رہے تھے۔

ٹیگس