جاپانی پارلیمنٹ نے سانائی تاکائیچی کو ملک کی اولین خاتون وزیر اعظم منتخب کرلیا
موصولہ رپورٹ کے مطابق جاپان کی پارلیمنٹ نے حکمراں سیاسی اتحاد میں جاری رسہ کشی کا خاتمہ کرتے ہوئے سانائی تاکائیچی کو ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کر لیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ٹوکیوسے موصولہ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق جاپان کی پارلیمنٹ نے آج منگل کے روزانتہائی قدامت پسند لیڈر سانائی تاکائیچی کو ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کر لیا، اس کے ساتھ ہی جولائی میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے الیکشن میں شکست کے بعد پیدا ہونے والے تین ماہ کے سیاسی خلا اور رسہ کشی کا خاتمہ ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کو منتخب کرنے والے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں سانائی تاکائیچی نے237 ووٹ حاصل کئے، جو اکثریت سے چار زیادہ تھے جبکہ حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی "آئینی جمہوری جماعت" کے سربراہ یوشیکو نودا نے 149 ووٹ حاصل کئے۔ پارلیمنٹ میں جب نتائج کا اعلان کیا گیا تو سانائی تاکائیچی کھڑی ہوئیں اور انہوں نے تمام اراکین کو جھک کر سلام کیا۔
واضح رہے کہ سانائی تاکائیچی کا اتحاد اب بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اقلیت میں ہے اور کسی بھی قانون سازی کو منظور کرانے کے لئے اسے حزب اختلاف کی دوسری جماعتوں کو راضی کرنا ہوگا، جو ان کی حکومت کو غیر مستحکم بنا سکتا ہے۔