Nov ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  • میکسیکو:  سُپرمارکیٹ میں دھماکے، 23 افراد ہلاک

میکسیکو کے شمال مغربی علاقے میں واقع سُپرمارکیٹ میں دھاکہ ہونے کی خبر ہے جس میں بچوں سمیت کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا:  فرانسیسی خبر رساں ایجنسی’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو کی ریاست سونورا کے شہر ارموسیو میں رونما ہوا ہے اور تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک حادثہ معلوم ہوتا ہے جو غالباً خراب برقی ٹرانسفارمر کی وجہ سے پیش آیاہے۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دھماکے کے بعد کئی گاہک اسٹور کے اندر پناہ لینے کی کوشش کرتے ہوئے آگ میں پھنس گئے تھے۔ یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق گزشتہ روز دوپہر کے وقت 2 بجے ہوا۔

دریں اثنا، ریاست سونورا کے گورنر الفونسو دورازو نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جن افراد کی لاشیں ملی ہیں، ان میں کچھ نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینباوم نے ’ایکس‘ پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ میں ان تمام خاندانوں اور عزیزوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے سونورا کے گورنر الفونسو دورازو سے رابطہ کیا ہے تاکہ ہر ممکن امداد فراہم کی جا سکے۔  میں نے وزیرِ داخلہ روزا ایسیلا رودریگیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کی مدد کے لئے ایک خصوصی ٹیم روانہ کریں۔

 

ٹیگس