صدر ٹرمپ نے میری زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے: امریکی کانگریس میں ریپبلکن رکن کا سنسنی خیز بیان
امریکی کانگریس میں ریپبلکن رکن مارجری ٹیلر گرین نے ایک سنسنی خیز بیان میں کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے کیونکہ ان کی جانب سے آن لائن کی گئی تنقید کے بعد انہیں دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق طویل عرصے تک ٹرمپ کی پر زور حمایت کے بعد حال ہی میں کئی معاملات پر ان سے اختلاف کرنے والی مارجری ٹیلر گرین نے کہا کہ نجی سیکورٹی ادارے ان سے رابطہ کرکے ان کی حفاظت کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ سخت اور جارحانہ زبان کی وجہ سے انہیں پہلے بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں اور ایسے افراد سزا بھی پا چکے ہیں جو اسی قسم کی زبان سے اشتعال میں آئے تھے، اب یہی زبان امریکہ کے صدر میرے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
میڈیا میں آنے والی رپورٹوں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا میں مارجری ٹیلر گرین پر سخت حملہ کرتے ہوئے انہیں ’پاگل‘ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ وہ ان کی کالز نہیں لیتے، بعد میں ٹرمپ نے اپنی مزید پوسٹوں میں مارجری ٹیلر گرین کو کمزور کانگریس رکن، غدار اور ریپبلکن پارٹی کے لئے ’شرمندگی‘ قرار دیا۔
مارجری ٹیلر گرین نے اپنے پہلے ردعمل میں کہا کہ ٹرمپ ان کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں اور دیگر ریپبلکن اراکین کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ہفتے کو مارجری ٹیلر گرین نے کہا کہ اب انہیں کچھ حد تک اندازہ ہوا ہے کہ ایپسٹین کے متاثرین کن خوف اور دباؤ سے گزرتے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ ’ایک ریپبلکن ہونے کے ناطے، میں زیادہ تر معاملات میں صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کی حمایت کرتی ہوں لیکن ان کی یہ جارحیت اور آن لائن ٹرولز کا زہریلا رویہ میرے لئے حیران کن ہے۔