نیویارک میں ڈاکٹر علی لاریجانی کی پریس کانفرنس
Sep ۰۳, ۲۰۱۵ ۲۲:۱۸ Asia/Tehran
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایٹمی سمجھوتے کے متن کی بنیاد پر اگر گروپ پانچ جمع ایک اپنے معاہدوں پر عمل نہیں کرتا تو ایران بھی معاہدوں پر عمل درآمد کا پابند نہیں ہو گا-
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی نے جمعرات کو اپنے دورہ نیویارک کے آخری دن ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں نے ایٹمی مذاکرات میں پابندیاں اٹھائے جانے کے سلسلے میں منہ زوری اور ہٹ دھرمی سے کام لیا لیکن ایران، اس سمجھوتے میں اپنے بعض حقوق و مطالبات شامل کرانے میں کامیاب رہا اور مجموعی طور پر یہ مذاکرات مثبت تھے-ڈاکٹر علی لاریجانی نے جو عالمی بین پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لئے نیوریارک کے دورے پر ہیں، ایران کی پارلیمنٹ میں مشترکہ جامع ایکشن پلان کا جائزہ لیے جانے کے سلسلے میں کہا کہ آئین کے مطابق، پارلیمنٹ میں اس سمجھوتے کا جائزہ لیا جائے گا اور آخرکار پارلیمنٹ اس کے بارے میں فیصلہ کرے گی-
پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے دورہ نیویارک کے موقع پر امریکی کانگریس کے اراکین اور حکام سے رابطے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انھوں نے اس دورے میں کانگریس کے اراکین سے ملاقات نہیں کی ہے-
ڈاکٹر لاریجانی نے بعض امریکی حکام کے بیانات کے بارے میں تاکید کے ساتھ کہا کہ جنگ پسندانہ آوازوں کا بدامنی یا مسئلہ پیدا کرنے کے سوا کوئی فائدہ نہیں ہے اور اب امریکی سمجھ گئے ہیں کہ اسلحہ ، دھمکی اور ظالمانہ پابندیاں اب کارآمد نہیں رہ گئی ہیں-