Jun ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • غزہ میں جنگ کا خاتمہ جوبائیڈن کا نیا منصوبہ

امریکی صدر کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کا نیا منصوبہ تیار کیا ہے جس پر حماس کا ردعمل مثبت تو غاصب صیہونی حکومت کا منفی ردعمل سامنے آیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کو روکنے کے لئے نیا منصوبہ پیش کیا اور اُسے غزہ اسرائیل تنازعے کے حل کا بہترین طریقہ قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق مجوزہ منصوبہ تین مراحل پر مشتمل ہے جس کے تحت پہلا مرحلہ چھے ہفتے تک ابتدائی جنگ بندی کا ہے، اس دوران صیہونی فوجیں غزہ سے نکل جائیں گی، یرغمالیوں اور سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ ہوگا۔
منصوبے کے تحت فلسطینی شہری غزہ واپس جائیں گے اور غزہ میں روزانہ چھے سو امداد ٹرک آئیں گے۔ دوسرے مرحلے میں حماس اور اسرائیل جنگ کے مستقل خاتمے کی شرائط پر بات چیت کریں گے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ جب تک مذاکرات جاری رہیں گے جنگ بندی قائم رہے گی۔ جو بائیڈن کے مطابق تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو ہوگی۔
حماس نے تجاویز کو مثبت بتاتے ہوئے امریکہ کے اس اقدام کو فلسطین کی استقامت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب صیہونی وزیر اعظم کے دفتر نے دبے لفظوں میں امریکی صدر کی پیش کردہ تجاویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک تمام اہداف حاصل نہیں کر لئے جاتے اُس وقت تک جنگ بندی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت غزہ کے خلاف سات ماہ سے زائد عرصے سے جاری اپنی بہیمانہ اور ہمہ جہتی جارحیت کے باوجود اپنے اعلان کردہ مقاصد میں سے ایک بھی حاصل نہیں کر سکی ہے۔

ٹیگس